کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ حکومت نے وفاقی حکومت سے مکہ مدینہ حج مشن خدمات کیلئے اپنے ملازمین کو بھی تعینات کرنے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر قانون و مذہبی امور سندھ عمر سومرو نے وفاقی وزارت مذہبی امور و ہم آہنگی کو لکھے گئے احتجاجی خط میں سندھ حکومت کے ملازمین کوبھی مکہ مدینہ حج مشن خدمات کیلئے تعیناتی میں شامل کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت مذہبی امور سکیم برائے فلاحی عملہ کے تحت حج مشن میں انتظامی امور کیلئے تعیناتی میں صوبوں کاکوٹامختص ہے، جب صوبائی کوٹہ مختص ہے توعمل کیوں نہیں ہوتا، وفاقی حج مشن میں سرکاری ملازمین کی سعودی عرب میں بطور خادمین تعیناتی میں صوبوں کو حصہ نہیں دیا جاتا۔خط میں کہا گیا ہے کہ ہرسال حج پالیسی کے تحت تقریبا300سے زائدوفاقی ملازمین فریضہ حج کے دوران حاجیوں کی خدمت کیلئے مکہ اورمدینہ میں تعینات کئے جاتے ہیں، مگر وفاق سندھ سے حاجیوں کی خدمت کیلئے ایک بھی ملازم نہیں بلاتا۔نگراں صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں آئندہ سال 2024میں زیادہ حجاج فریضہ حج کیلئے جا سکتے ہیں۔حجاج کی زائدتعدادکو مدنظر رکھتے ہوئے حج مشن کیلئے زیادہ ملازمین درکار ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبائی محکمہ مذہبی امور کے ملازمین کوبھی مکہ مدینہ میں حج مشن کے دوران خدمات کیلئے کی جانی والی تعیناتی میں شامل کیا جائے۔