اسلام آباد ( کامرس رپورٹر )یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پرملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر بنیادی اشیائے خوردونوش پر سبسڈی جاری ہے۔ بدھ کو ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بناتا رہے گا۔یوٹیلیٹی سٹورز کو سامان سپلائی کرنے والے 30 برانڈڈ کمپنیوں نے 952 برانڈڈ اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جبکہ مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، یہ اضافہ رمضان المبارک کے بعدسے کیا جارہا ہے، ان اشیا کی قیمتیں پچھلے سال ستمبر/اکتوبر سے مستحکم رکھی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن خود مینوفیکچرنگ یا پروڈکشن نہیں کرتا اور عام مارکیٹ سے خریداری کرتا ہے۔ جب عام مارکیٹ میں قیمتیں بڑھتی ہے تو یوٹیلیٹی سٹورز کو بھی قیمتوں پر نظر ثانی کرنی پڑتی ہے تاکہ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی میں بہتری آئے اور ان پروڈکٹس کی دستیابی ممکن ہو۔ اس کے باوجود یوٹیلیٹی اسٹورز پر عزم ہے کہ عوام الناس کو بنیادی اور برانڈڈ اشیا اوپن مارکیٹ سے کم نرخوں پر مہیا کرتا رہے گا۔