ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پرانی جماعتیں پرانی سیاست میں لگی رہتی ہیں، کسی کو دوسری یا چوتھی بار وزیراعظم بنانے سے بہتر ہے مجھے موقع دیں، پرانے سیاستدان گھر بیٹھیں اور آرام کریں۔ ایبٹ آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ مسائل کا حل پیپلزپارٹی کے منشور میں ہے، ہم عوام کا مستقبل عوام کے حوالے کرنا چاہتے ہیں، عوام مجھے موقع دے،عوام کو مایوس نہیں کروں گا، کسی کو دوسری یا چوتھی بار منتخب کرنے سے بہتر ہے مجھے موقع دیں، ہمیں سوچنا ہو گا کہ کیا ہمیں 70 سالہ بابے کے ہاتھ میں ملک دینا ہے؟ مہنگائی اورغربت سے عوام تنگ آچکے ہیں، ہمیں معلوم ہے ہمیں غریب آدمی کا کیسے خیال رکھنا ہے، ہمارے پاس مہنگائی اور غربت کو روکنے کا منصوبہ ہے جس کے لیے تمام جماعتوں کو ہمارے ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سیات دانوں، بیورو کریسی اور حکومت کو زمینی حقائق کا اندازہ نہیں ہے انتہائی تیزی کے ساتھ مہنگائی اور غربت بڑھ رہی ہے، پاکستان میں مہنگائی اور غربت تاریخی سطح پر ہیں، ملکی مسائل حل کرنا اور عوام کی خدمت کوئی مشکل نہیں بس نیت ٹھیک ہونی چاہیئے، ایک نظریہ ایک منشور ہونا چاہیے، آج کل کے مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں ہے، پرانی جماعتیں پرانی سیاست میں لگی رہتی ہیں، ان مسائل سے نکلنا ہے تو نئی سیاست کی طرف بڑھنا ہوگا، نوجوانوں کو آگے آنا ہوگا، ایک نئی سیاست اور ایک نئی قیادت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل خیبرپختونخوا کا دورہ کر رہے ہیں، ہمارے کارکنان نے کنونشن کو تاریخی کنونشن بنا دیا کیوں کہ پیپلزپارٹی اور آپ کا رشتہ 3 نسلوں سے ہے، پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا کو نام اور حقوق دیئے، این ایف سی متعارف کروایا، یہ جماعت غریب اور متوسط طبقے کی جماعت ہے، ہماری حکومت نے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے کام کیا، ہم ذوالفقاربھٹو اور بی بی شہید کا خواب پورا کریں گے، پیپلز پارٹی محروم طبقوں کی جماعت ہے، آصف زرداری نے اپنے دور میں جو کام کیے وہ آپ کے سامنے ہیں، آصف زرداری نے خیبر پختون خوا کو شناخت دی اور بی آئی ایس پی کے ذریعے عوام کی مدد کی۔