راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) سیکورٹی فورسز کا دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، سیکورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے نتیجے میں انتہائی مطلوب دہشت گرد سمیت 4 دہشت گردوں مارے گئے، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں ایک اور آپریشن کے دوران ایک اہلکار شہید ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، سیکورٹی فورسز نے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 4 دہشت گردوں مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر سمیع اللہ عرف شینائے سمیت دہشت گرد کمانڈر سلمان عرف احمد، دہشت گرد عمران عرف محمد اور دہشت گرد حضرت عمر عرف خالد شامل ہیں، ہلاک دہشت گرف علاقے میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، ایک اور آپریشن ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کیا گیا، دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد باغ آزاد کشمیر کے 34 سالہ لانس نائیک محمد اعجاز خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لئے آس پاس کے علاقوں میں کلئیرنس اپریشن بھی کیا گیا، ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔