واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکا کے صدر جو بائیڈن نے وفاقی اپیلز کورٹ میں پاکستانی امریکن شہری عدیل منگی کو جج نامزد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق صدر جوبائیڈن نے آکسفورڈ اور ہارورڈ سے تربیت یافتہ قانون دان عدیل منگی کو وفاقی اپیلز کورٹ کے تھرڈ سرکٹ میں جج لگانے کا اعلان کیا ہے۔ چھیالیس سالہ عدیل منگی کا تعلق کراچی سے ہے اور سینیٹ سے منظوری کے بعد وہ امریکی تاریخ میں فیڈرل ایپلز کورٹ کے پہلے مسلمان جج بن جائیں گے۔ اس حوالے سے امریکی سینیٹر باب مینینڈیز نے سوشل میڈیا پر امریکی صدر کے فیصلے کو سراہتے ہوئے لکھا کہ مجھے عدیل منگی سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا تو میں نے انہیں کہا کہ میں صدر بائیڈن کو پہلے امریکی مسلمان کو اپیلز کورٹ کا جج لگانے کے لیے قائل کروں گا۔