کراچی (نمائندہ خصوصی)ملک میں تیل اور گیس کی غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم ڈیولپمنٹ ہوئی ہے۔ ماڑی پیٹرولیم اور کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی کے درمیان ایم او یو طے پا گیا۔ ماڑی پیٹرولیم کے اعلامیے کے مطابق کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گی اور دونوں کمپنیاں پاکستان سمیت دنیا بھر میں منتخب کردہ بلاکس میں مل کر کام کریں گی۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں کمپنیاں منتخب ممالک میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے مشترکہ اسٹڈیز کرائیں گی۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں کمپنیوں کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات تیکنیکی صلاحیتوں اور انفارمیشن شیئرنگ کو بہتر بنانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔