کراچی (نمائندہ خصوصی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے فیڈریل بی ایریا میں ڈپٹی میئرکراچی سلمان عبداللّٰہ مراد کے ہمراہ علامہ اقبال پارک کا افتتاح کر دیا۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جگہ ایک زمانے میں چائنا کٹنگ کا شکار ہو گئی تھی، 250 ملین روپے کی لاگت سے ضلع وسطی کے عوام کے لیے یہ سہولت مہیا کی گئی ہے، علامہ اقبال پارک کا رقبہ پونے دو ایکڑ ہے، پارک میں واٹر فال، ایلی فینٹ فاونٹین، پلے ایریا، فٹبال اور کرکٹ کھیلنے کے لیے اسٹیڈیمز موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کراچی کے تمام اضلاع میں یکساں کام کر رہی ہے، سب سے زیادہ ترقیاتی کام اس وقت ضلع وسطی میں کیے جا رہے ہیں، کراچی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے چیئرمین کی قیادت میں کراچی کی ترقی کے لیے کوشاں ہے، جو لوگ تنقید کرتے ہیں وہ ان ترقیاتی منصوبوں کو بھی دیکھیں لیکن کچھ لوگ صرف اور صرف تفریق اور تنقید کی سیاست کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بختیاری یوتھ سینٹر میں بھی دو گراونڈز بنانے جا رہے ہیں، شارعِ نور جہاں پر اس وقت کام جاری ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی پیپلز پارٹی کی ہے اور ٹاون جماعت اسلامی کا ہے، حقیقی میئر حافظ نعیم اپنی تصویر لگاتے ہیں اور دھرنے دیتے ہیں، آج جہاں ہم کھڑے ہیں یہ ٹاون بھی ترازو نے جیتا تھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے زیادہ آئین پر کوئی جماعت یقین نہیں رکھتی، پیپلز لائرز فورم کے اس ممبر سازی مہم کا حصہ بننے سٹی کورٹ پہنچا ہوں، جمہوریت کی بقاءکی جنگ کا حصہ بنیں، پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں، پیپلز پارٹی آئین پسند جماعت ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ ہمارے وکلاءہمیشہ جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، پاکستان میں پیپلز پارٹی سے بہتر کوئی جماعت نہیں جو آئین پر یقین رکھتی ہو، وکلائ پیپلز پارٹی میں آئیں، عوام کے حقوق دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ان شاءاللّٰہ، 2024ءمیں اقتدار پیپلز پارٹی کے پاس آئے گا۔مرتضیٰ وہاب نے عدالتی نظام پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ افسران کو عدالتوں میں صبح 8 سے دوپہر 2 بجےتک کھڑا کر دیں گے تو وہ کیسے کام کریں گے؟ کیا یہاں کورٹس میں لوگوں کو سستا انصاف مل رہا ہے؟ عدالت میں بھی انصاف نہیں مل رہا، شاید یہاں کسی کو یہ بات بری لگ جائے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدالتوں میں دیکھ سکتے ہیں کیا عام آدمی کو انصاف مل رہا ہے؟ بھٹو صاحب جیسے منتخب وزیرِ اعظم کو پھانسی لگا دی گئی، آنے والا وقت جمہوریت پسند لوگوں کا پسندیدہ دور ہو گا عوامی فلاح و بہبود ہمارا منشور ہے۔