اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمن نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف اب بھی سڑکوں پر ملک کو جلانے کیلئے تیار ہے، اگر بجٹ آئی ایم ایف کا ہے تو مشکل بجٹ کے ساتھ ہمیں کون باندھ گیا ہے؟،آئی ایم ایف کے پیسوں پر شاہ خرچیاں کر نے والے امپورٹڈ ہمیں کہہ رہے ہیں، کشکول توڑنے کی بات کر نے والوں نے کیا کیا، سب کچھ ان کی انا اور انتقامی سیاست کی وجہ سے ہوا ہے،اگر مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہونے کی طرف چلا جاتا،احتساب سرکار کے دور میں ملک میں کرپشن میں اضافہ ہوا، دس ارب سونامی ٹری منصوبے میں سندھ سب سے آگے رہا، سابق حکومت کے جرائم ہم نے اپنے سر لیے، موجودہ حکومت مشکل فیصلے ضرور کرے گی۔بدھ کو یہاں قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ اگر یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے تو اس مشکل بجٹ کے ساتھ ہمیں کون باندھ گیا ہے، جنہوں نے کشکول توڑنے کی بات کی انہوں نے کیا کیا؟ یہ سب کچھ ان کی انا اور انتقامی سیاست کی وجہ سے ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اپنی انا سے ہٹ جائے تو پھر مشکل فیصلے ہوسکتے ہیں، اگر مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہونے کی طرف چلا جاتا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ پاکستان کی معیشت کو سیاست کی بھینٹ چڑھانا چاہتے تھے، تباہی اور احتساب سرکار 100 دن میں انقلاب لانے آئی تھی۔شیری رحمن نے کہا کہ ان کی تقسیم اور انا کی سیاست سے مسئلہ ہوا، جو بوجھ پڑا سب کو نظر آرہا ہے، اس کی وجہ سے مشکل فیصلے کرنے پڑے