لاہور (نمائندہ خصوصی) چیئر مین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف کی ہدایت پر گورنمنٹ ڈیجیٹل سروسز ونگ کے زیرانتظام ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم کو پنجاب بھر کے سرکاری محکموں میں مکمل طور پرنافذ کردیاگیاہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار سیکرٹریٹ مینویل کو ای فاس کا حصہ بنا کر اپ ڈیٹ کردیا گیاہے اور تمام سرکاری محکموں کو قانونی طور پر پابند کردیا گیا ہے کہ وہ اپنی تمام محکمانہ خط و کتابت اب ای فاس کے ذریعے ہی کریں گے۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب تمام محکموں کے سیکرٹریز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ پی آئی ٹی بی کی ٹیمز کو تمام جامع ریکارڈ ، موجودہ فائلز کی لسٹ فراہم کریں اور ہر محکمے کا ایک فوکل پرسن نامزد کیا جائے۔ انکی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹیمز کوآرکائیو فائلزکی ڈیجیٹل سکیننگ کیلئے ایک مرکزی آئی ٹی روم اور ضروری آئی ٹی کا سامان فراہم کیا جائے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے سکیننگ کا عمل 30 نومبر 2023 تک مکمل کرنے کی سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اب سے چیف منسٹر،گورنر،کابینہ کو بھیجی جانے والی سمریاں، لیٹر مارکنگ،فائل مارکنگ، تمام سرکاری ملازمین کی چھٹی سے لیکر اہم سرکاری فیصلے کاغذ کی بجائے ڈیجیٹل فائل پر سرکولیٹ ہوں گے۔ ڈائریکٹر جنرل گورنمنٹ ڈیجیٹل سروسز ونگ محمد وسیم بھٹی کا کہنا ہے کہ روایتی فائل سسٹم بند کرنے سے حکومت پنجاب کونہ صرف اربوں روپے کی بچت ہوگی بلکہ گورننس اور سروس ڈیلیوری کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ افسران کی سہولت کیلئے ای فاس کی موبائل ایپ بھی تیار کی گئی ہے تاکہ بروقت رسائی کو یقینی بنایا جاسکے اور عوامی مسائل بھی بنا کسی تاخیر کے حل ہو سکیں۔