واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) اسرائیل نواز پالیسی پر امریکی حکومت کے 500 سے زائد اہلکار صدر جو بائیڈن کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ امریکی اہلکاروں نے غزہ میں جاری فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف آواز نہ اٹھانے پر صدر بائیڈن کو احتجاجی خط لکھ دیا جس میں فلسطین میں فوری جنگ بندی اور اسرائیل پر زور دے کر فلسطینیوں کے لیے سامان غزہ جانے کی اجازت دلوانے کا مطالبہ کیا۔ صدربائیڈن کو خط لکھنے والوں میں محکمہ انصاف، ایف بی آئی، قومی سلامتی کونسل کے اہلکار شامل ہیں جب کہ خط پر دستخط کرنے والوں میں 40 حکومتی اداروں کے اہلکار شامل ہیں۔ اہلکاروں نے مراسلے میں کہا کہ اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کو رہائی دلائی جائے۔ اس کے علاوہ امریکی وزیرخارجہ کو بھی محکمہ خارجہ کے درجنوں اہلکاروں کی جانب سے تین احتجاجی مراسلے لکھے گئے ہیں۔ امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی کے ایک ہزار اہلکاروں نے بھی بلنکن کو مراسلہ تحریر کیا۔