لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بطور وزیر اپنے کام پر ضمیر مطمئن ہے، بلاول بھٹو ہمیں نہ چھیڑیں تو بہتر ہے۔ بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ بلاول بھٹو صاحب! آپ نے سوال اٹھایا ہے تو جواب سن لیں، میرے خاندان یا میں نے کبھی منہ نہیں چھپایا، انگریز کی کاسہ لیسی کی نہ ایوب خان اور یحیی کی۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ گزشتہ 80 برس میں خضر حیات ٹوانہ سے لیکر قمر باجوہ تک ہم نے سب کی جیلیں بھگتی ہیں، بھٹو مرحوم کی سول آمریت میں والد نے جان دیدی، ضیا آمریت میں مجھے 3 بار جیل جانا پڑا، مشرف آمریت سے لڑے، جیلیں کاٹیں، جسمانی تشدد سہا، والدہ کی جان گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی، قمر باجوہ اور ثاقب نثار کا نقاب پوش مارشل لا بھی بھگتا، بطور وزیر اپنے کام پر ضمیر مطمئن ہے، ہمیں نہ ہی چھیڑیں تو بہتر ہے۔