واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکا نے اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں میں آگ اور خون کا کھیل نہیں دیکھنا چاہتے۔ وائٹ ہاوس میں نیشنل سکیورٹی کے ترجمان جیک سلیوان نے امریکی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے اسرائیلی افواج پر واضح کردیا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں کے اندر آتش گیر ہتھیاروں سے لڑائی سے گریز کیا جائے جس سے سویلینز کی زندگیوں کو خطرہ درپیش ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اسرائیل کو واضح پیغام پہنچایا ہے کہ امریکا غزہ کے اسپتالوں میں معصوم شہریوں اور علاج کیلئے موجود مریضوں کو گولیوں کا شکار بنتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتا امریکی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ سے امریکی شہریوں کا انخلا جاری رکھا جائے گا تاہم شہریوں کے انخلا میں یہ مسئلہ درپیش ہے کہ رفاح کراسنگ کبھی کھلتی ہے اور کبھی بند ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کبھی نکلنے والوں کی فہرست میں امریکیوں کے نام شامل ہوتے ہیں اور کبھی نہیں ہوتے تاہم جو بھی صورتحال ہو تمام امریکیوں کا انخلا یقینی بنایا جائے گا۔ خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک بار پھر اسپتالوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں بچوں سمیت کئی فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔