کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی میں ملیریا کے ساتھ ساتھ ڈینگی وائرس کے بھی نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ صوبہ سندھ کے محکمہ صحت کے مطابق کراچی سے ڈینگی کے 14، حیدر آباد سے 4 اور سکھر سے 1 کیس رپورٹ ہوا ہے۔ کراچی کے ضلع شرقی سے 6، ضلع وسطی سے 3، ضلع کورنگی اور ملیر سے ڈینگی کے 2، 2 اور ضلع غربی سے 1 کیس رپورٹ ہوا ہے۔ کراچی میں رواں ماہ ڈینگی کے 110کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ دوسری جانب رواں ماہ سندھ بھر سے مجموعی طور پر ڈینگی کے 200 کیسز سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملیریا کے 16 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کے ترجمان کے مطابق کراچی کے ضلع ملیر سے 8 اور ضلع شرقی سے 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ضلع جنوبی اور غربی سے سے 2، 2 اور ضلع کورنگی سے ملیریا کا ایک کیس سامنے آیا ہے۔ ترجمان کے مطابق سندھ بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران ملیریا کے 2248 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رواں سال سندھ میں ملیریا کے 4 لاکھ 80 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اس کے باعث 2 افراد انتقال کر چکے ہیں۔