کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے آئی آئی چندریگر روڈ پر عمارت میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔ عمارت میں پھنسے افراد کو سیڑھیوں کی مدد سے دوسری عمارت میں منتقل کیا گیا۔ بلڈنگ جنرل سیکریٹری نے بتایا کہ 20 سے 25 افراد جان بچانے کےلیے لکڑی کی سیڑھی کے ذریعے دوسری بلڈنگ میں چلے گئے تھے۔ادھر فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ عمارت میں کولنگ کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمارت کے بیسمینٹ میں جنریٹر میں آگ لگی تھی۔ ابتدائی طور پر جنریٹر میں لگی آگ بجھادی گئی تھی۔ جنریٹر کی وائرنگ سے آگ بالائی منزل کی فورسیلنگ میں پھیلی۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد آگ عمارت کے پچھلے حصے پر اے سی کی وائرنگ تک پھیلی۔فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیوں اور اسنارکل کی مدد سے آگ بجھائی گئی۔ اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ٹاور کے قریب 13 منزلہ عمارت کے بجلی کے میٹر سے آگ پھیلی تھی۔ فائر بریگیڈ حکام نے بتایا تھا کہ آگ کی نوعیت زیادہ نہیں تھی، کے الیکٹرک کا عملہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گیا تھا۔ آگ کے باعث عمارت میں موجود لوگ کھڑکیوں پر آگئے اور دوسری عمارت میں جانے کی کوششیں کرنے لگے۔