کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے پی آئی اے ٹرانزٹ کچن ایئرپورٹ کراچی کا معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین بھی ٹیم کے ساتھ تھے، سندھ فوڈ اتھارٹی ضلع ملیر کے افسران بھی موجود تھے، کچن میں صفائی ستھرائی کی صورتحال خراب پائی گئی، عملہ بھی غیر تربیت یافتہ پایا گیا۔ آغا فخر حسین نے بتایا کہ صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر کچن انتظامیہ پر دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا، ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی نے کچن انتظامیہ کو عملے کی تربیت کی ہدایت کی۔ ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ کھانے پینے سے وابستہ افراد سندھ فوڈ اتھارٹی کے ایس او پیز کی پابندی کریں۔ ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے چھاپہ ایئر پورٹ کارگو کے قریب مارا گیا ہے، پی آئی اے فلائٹ کچن ایئر پورٹ سے دور کارگو میں واقع ہے۔