کراچی ( بیورورپورٹ ) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے 69 ویں جنم دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالم اسلام کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم اور عظیم قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو سلام پیش کرتے ہیں ۔جنہوں نے اپنی دھرتی اور لوگوں سے رشتہ نبھانے کے لیے اپنی جان قربان کر دی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شہید محترمہ نے پاکستان کی عوام ، محروم طبقات کو جھموری حقوق دلانے کے لئے بھرپور جدو جہد کی اور آمرانہ حکومتوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر پاکستان کو یرغمال بننے سے بچایا ۔
پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے شہید والد کے ویژن پر عمل کیا ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان کو تنہائی سے نکالنے کے لیے اپنی بھرپور قائدانہ صلاحیت سے دوبارہ عالمی حمایت حاصل کی۔ وہ آج بھی بیرونی دنیا میں پاکستان کا روشن چہرہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک آج شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قائدانہ صلاحیتوں کی بھرپور کمی محسوس کر رہا ہے ۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو آج موجود ہوتی تو ملک کو موجودہ حالات کا سامنا نہ کرنا پڑتا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ترقی کے نظریہ کو صدر آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آگے بڑھا رہے ہیں ۔انشاء اللہ عوام کے تعاون سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قوم کو منزل مقصود تک پہنچائیں گے اور قوم سے وعدہ کرتے ہیں ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن پر چلتے ہوئے ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں گے۔