ملتان ( بیورو رپورٹ)جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے امیر راﺅ محمد ظفر نے جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب صہیب عمار صدیقی،ضلعی امیر ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، سیکرٹری نشرواشاعت حسان اخوانی نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اس وقت مہنگائی،سودی معیشت اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف مسلسل تحریک چلا رہی ہے پاکستان میں موجودہ حکومت نے جس طرح مہنگائی میں اضافہ کیا ایک ماہ میں کئی مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر پیڑول بم گرائے گئے جو کہ پریشانیوں اور پہلے سے تنگ حال قوم پر ایٹم بم سے کم نہ تھے اسی طرح بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ جس سے عام آدمی کے لیے ایک طرف موٹرسائیکل کی سواری مشکل ہوئی وہیں دوسری طرف بجلی کے بلوں نے رہی سہی کسر پوری کردی۔اس کمر توڑ مہنگائی کی وجہ آئی ایم ایف کی غلامی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی اشرافیہ تو دودھ اور مکھن میں پلتی ہے لیکن عوام کے لیے ایک وقت کی روٹی بھی مشکل ہوچکی ہے۔غریب تو غریب اس وقت متوسط طبقہ کے لیے بھی اس مہنگائی میں جینا دوبھر ہوچکا ہے۔آئی ایم ایف سے قرضہ حکمران لیتے ہیں بوجھ عوام پر ڈالا جاتا ہے یہ اشرافیہ اس وقت اڑدھے کی صورت اختیار کرچکے ہیں جنہیں قوم نے دودھ پلایا آج بدامنی میں اضافہ ہوا ہے قتل و غارت گری میں اضافہ ہوا ہے چوری اور ڈکیتی کی واردتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے کیا اس سب کے لیے صرف ہم ہی ہیں کیا پاکستانی قوم کا مقدر یہی ہے کہ وہ حکمرانوں کی عیاشیوں اور اللے تللوں کے اخراجات اٹھائیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ اور سابقہ دونوں حکمرانوں نے قوم کو نہ صرف مایوس کیا بلکہ قوم کی عزت و وقار کی توہین بھی کی۔قیام پاکستان سے آج تک یہی سیاسی جماعتیں اور چہرے جنہوں نے جماعتیں بدلیں کھوکھکے اور جھوٹے نعرے لگائے اور عوام کو رسوائی ،مہنگائی اور غلامی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔تحریک انصاف ہو یا پی پی ، ن لیگ ان سب نے اپنے ذاتی مفادات کے لیے عوام کا خون نچوڑا ہے لیکن اب ہم مزید ایسا نہیں ہونے دیں گے جماعت اسلامی نے عوام کے دلوں پر دستک دینے اور ان کی آواز بننے کا فیصلہ کیا ہے جماعت اسلامی اپنے نام ، جھنڈے اور ترازو کے نشان کے ساتھ سیاسی میدان میں موجود ہے موجودہ مسائل کا حل جماعت اسلامی کے علاوہ کسی کے پاس نہیں۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ پاکستانی قوم کی ہر مشکل گھڑی میں ناصرف مدد کی بلکہ ان کے ساتھ موجود رہی آج بھی جب پاکستان کو ان حکمرانوں نے مسائلستان بنا دیا ہے جہاں مہنگائی ہے بدامنی ہے بے روزگاری ہے سودی معاشی نظام ہے آئی ایم ایف کی غلامی کا طوق قوم کے گلہ میں ہے ہم نے ان مسائل کے حل اور اسلام آباد میں بیٹھے نااہل حکمرانوں کے خلاف نہ صرف اعلان جنگ کیا ہے بلکہ عملی طور پر عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے جماعت اسلامی پاکستان 25 جون سے مہنگائی،سودی معیشت اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف رحیم یار خان سے ٹرین مارچ کا آغاز کررہی ہے جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کریں گے ٹرین مارچ 27 جون کو راولپنڈی پہنچے گا جہاں بڑا جلسہ عام ہوگا۔ٹرین مارچ کا آغاز رحیم یار خان سے صبح 8 بجے ہوگا جو کہ لیاقت پور،خان پور،ڈیرہ نواب،سمہ سٹہ سے ہوتا ہوا 11 بجے بہاولپور پہنچے گا جہاں امیر جماعت اسلامی پاکستان بڑے جلسہ سے خطاب کریں گے بعد ازاں بہاولپور سے لودھراں، شجاعباد سے ملتان پہنچے گا جہاں دن 12:45 بجے استقبال اور جلسہ عام ہوگا۔ٹرین مارچ کے دوسرے روز کا آغاز دن 1 بجے ملتان سے ہوگا۔جس کے بعد ٹرین مارچ لاہور کے لیے روانہ ہوگا خانیوال اسٹیشن پر ٹرین مارچ کا استقبال اور جلسہ ہوگا جس کے بعد ٹرین مارچ میانچنوں ساہیوال سے ہوتا ہوا شام 7 بجے لاہور پہنچے گا جہاں بڑا جلسہ عام ہوگا۔27 مارچ کو لاہور سے شروع ہونے والا ٹرین مارچ شام 7:30 بجے راولپنڈی پہنجے گا جہاں اختتامی جلسہ عام پنڈی اسٹیشن پر ہوگا۔