کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سعید غنی نے کہا کہ حکیم الامت کا لقب پانے والے علامہ محمد اقبال نے نوجوانوں میں خودی کا جذبہ پیدا کیا قوم کو بیداری کا سبق دیا اور اپنی شاعری سے امت مسلمہ کو یکجہتی کا پیغام دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز انجینئر محمد نجیب ہارون اورلیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد کی سرپرستی میں چلنے والے معروف علمی ادبی اور فلاحی ادارے لیو مینری لرننگ سرکل فاؤنڈیشن ( ایل ایل سی ایف ) میں شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 146 واں یوم پیدائش والادت کے موقع پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے انجنئیر نجیب ہارون، مایہ ناز کرکٹر جاوید میانداد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں علمی ادبی سماجی اور سیاسی شخصیات کے علاوہ بچوں ان کے والدین اور اساتذہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے منتظمین اور ادارے کے چئیرمین نجیب ہارون وائس چیئرمین معروف اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر جاوید میانداد , علمی ادبی سماجی شخصیت جوائنٹ سیکریٹری ایل ایل سی ایف ثمرین خان کے علاوہ دیگر مقررین نے اس موقع پر سعید غنی کی تعلیم کے فروغ سندھ میں معیار تعلیم کو بلند کرنے اساتذہ کی تربیت سرکاری تعلیمی اداروں میں جدید کمپیوٹر اور سائنس لیب کے قیام، فرنیچر کی فراہمی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے علاوہ میرٹ کی بنیاد پر 50 ہزار سے زائد قابل اساتذہ کی بھرتیوں سے لے کر غیر متحرک اسکولوں کو فعال بنانے سمیت وزیر بلدیات کی حیثیت سے کراچی کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے، کراچی کی تعمیر ترقی اور خوبصورتی کے لئے اربوں روپے کے اخراجات سے منصوبوں کو مکمل کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا سعید غنی کے قابل ذکر اقدامات میں سے ایک قدم کراچی کی کچی آبادیوں میں موجود سرکاری اسکولوں کو بہترین بنانا ہے جس کی عملی مثال گورنمنٹ کی جگہ پر لیومینری لرننگ سرکل فاؤنڈیشن کا موجودہ اسکول ہے جس کی ایک بڑی پری اسکول کی عمارت کو جاوید میانداد کے نام سے منسوب کیا گیا ہے اور آج سعید غنی نے فیتہ کاٹ کر دوستی کی ایک انوکھی مثال قائم کی۔ اس موقع پر سعید غنی نے اسکول کی عمارت کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور ادارے میں مہیا کی گئی سہولتوں کی تعریف کرتے ہوئے منتظمین کی کارکردگی کو سراہا۔ یوم اقبال کی خصوصی تقریب میں ننھے منے بچوں نے ” علامہ محمد اقبال” کے کلام علم کی شمع پر ایک عمدہ ٹیبلو پیش کیا اور اقبال کے افکار کو خوبصورت انداز میں پیش کیا جس پر شرکاء نے خوب داد بھی دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سعید غنی نے کہا کہ حکیم الامت کا لقب پانے والے علامہ محمد اقبال نے نوجوانوں میں خودی کا جذبہ پیدا کیا قوم کو بیداری کا سبق دیا اور اپنی شاعری سے امت مسلمہ کو یک جہتی کا پیغام دیا۔ سعید غنی نے اپنے خطاب میں ایل ایل سی ایف اسکول کی عمارت اساتذہ کی محنت اور بچوں کی دلچسپی کو خوب سراہا اور اس بات کا خاص طور پر ذکر کیا کہ بے شک ادارے کے چیئرمین محمد نجیب ہارون ان کے سیاسی حریف تھے مگر تعلیم کے فروغ کے لئے نجیب اور ان کی ٹیم نے جس جذبہ اور لگن کا اظہار کیا اور ایک عمدہ و جدید عمارت کے خواب کو عملی طور پر سچا کر دیکھا یہ ایک قابل قدر قابل تعریف اور قابل ستائش عمل ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہاں قابل تعریف بات یہ بھی کے کہ اسکول میں پڑھنے والے بچوں سے فیس کے نام پر ایک روپیہ بھی نہیں لیا جاتا اور ان کو دینی اور دنیاوی تعلیم پڑھنے لکھنے اور کھانے پینے کے علاوہ سیلون لانڈری پارک اور کھیل کود کی تمام سہولیات دی جا رہی ہیں۔ سعید غنی نے ایل ایل سی ایف اسکول کو کراچی کا بہترین اسکول قرار دیا اور اس اسکول سے اپنا تعلق قائم رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ تقریب کے اختتام پر ایل ایل اسکول اور وکیشنل سینٹر کے اساتذہ کو بہترین کارکردگی پر سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا گیا ۔ بعد ازاں تقریب کے احتتام پر سعید غنی بچوں میں گھل مل گئے اور ان کے ساتھ بیٹھ کر چائے اور ناشتے سے لطف اندوز ہوئے۔