کراچی(اسٹاف رپورٹر ) چاک ادبی فورم کے زیر اہتمام دوسری دو روزہ چاک اردو افسانہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سینئر صحافی محمود شام کی زیرصدارت آج (جمعہ 10 نومبر2023) سٹی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ میں سہ پہر تین بجے منعقد ہوگی، کانفرنس میں ملک کے معروف ادیب، افسانہ نگار، محققین اور شہر کی ممتاز علمی، ادبی اور سماجی شخصیات شرکت کررہی ہیں جبکہ نامور ادیب اور ماہرین اپنے بہترین منتخب مضامین اور مقالے پیش کریں گے، کانفرنس کے پہلے دن ڈاکٹر تہمینہ عباس کلیدی خطبہ پیش کریں گی، ”یاد رفتگاں“ میں ان افسانہ نگاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا جو اب ہمارے درمیان موجود نہیں، تیسرے سیشن میں پاکستان کی دیگر زبانوں میں افسانہ اور تراجم کے موضوع پر گفتگو ہوگی جبکہ چوتھا سیشن کلاسک افسانہ کی صدارت محترمہ شہناز شورو کریں گی، دو روزہ کانفرنس میں مجموعی طور پر 9 سیشنز منعقد کئے جائیں گے جن کے دوران معروف اور ابھرتے ہوئے افسانہ نگار اپنے افسانے اور افسانچے مخصوص انداز میں پیش کریں گے، گزشتہ سال چاک اردو افسانہ کانفرنس انتہائی کامیاب ثابت ہوئی تھی جس میں بڑی تعداد میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بشمول نوجوان طلبا و طالبات نے شرکت کی تھی اور کانفرنس کے مختلف سیشنز میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا، چیئرپرسن چاک ادبی فورم صائمہ صمیم کے مطابق دو روزہ افسانہ کانفرنس مقامی سطح پر علم و ادب کے فروغ میں محرک ثابت ہوگی اور اس کے دوران شرکاء کو ممتاز ادیبوں اور افسانہ نگاروں کو سننے اور بہت کچھ سیکھنے اور جاننے کا موقع ملے گا، افسانہ اور افسانچہ کی صنف ہر دور میں مقبول رہی ہے اور ہمارے ہاں اس شعبے میں انتہائی اعلیٰ معیار کا کام ہوا ہے جسے ہر خاص و عام تک پہنچانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پہلی اردو افسانہ کانفرنس کی طرح اس بار بھی توقع ہے کہ بڑی تعداد میں نوجوان لکھاری اس موقع سے فیض یاب ہوں گے اور نئی نسل میں افسانے کی جانب مزید رغبت اور لکھنے کا شوق پیدا ہوگا، شیڈول کے مطابق کانفرنس کے دوسرے روز افسانچہ سیشن میں مختصر افسانوں کے حوالے سے گفتگو ہوگی جس کی صدارت معراج جامی کریں گے جبکہ دوسرے سیشن میں 2023 میں افسانوں پر مشتمل شائع ہونے والی کتابوں پہلی چپ کا شور، مٹھی بھر زندگی اور عکس باطن پر تبصرہ اور مصنفین کا تعارف پیش کیا جائے گا، دوسرے روز تیسرے سیشن میں علامتی افسانے کو موضوع بنایا گیا ہے جس کی صدارت ڈاکٹر ارشد رضوی کریں گے، چوتھا سیشن پاپولر فکشن کے حوالے سے ہوگا جس کے دوران مقبول افسانوں اور افسانہ نگاروں کی تصانیف زیر بحث آئیں گی جبکہ پانچویں اور آخری سیشن میں کانفرنس کی اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔