لاہور( نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللّٰہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سے کوئی اختلاف نہیں، وہ اپنی اور ہم اپنی سیاست کر رہے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللّٰہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ساتھ مل کر اس کی مدد کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہمارے پاس 3، 4 مؤثر امیدوار ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ بہت سی چیزیں طے ہونی ہیں۔رانا ثنااللّٰہ کا کہنا تھا کہ جہاں ہمارے امیدوار کامیاب ہوسکتے ہیں وہاں ایم کیو ایم ہمیں اسپیس دے گی۔انہوں نے بلوچستان سے متعلق بتایا کہ وہاں کے کچھ حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کےلیے تیار ہیں۔ ہم اپنی پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے بلوچستان جارہے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ 2018 میں ہم نے پنجاب میں اکثریت حاصل کی تھی، الیکشن میں ثابت کریں گے کہ ہم پنجاب میں اب بھی مقبول ہیں۔ پنجاب میں 2018 کی نسبت زیادہ سیٹیں حاصل کریں گے۔رانا ثنااللّٰہ نے کہا کہ ق لیگ سے کوئی کترانے والا معاملہ نہیں۔ انکا کہنا تھا کہ جن ایم پی ایز نے ہمیں ووٹ دیا تھا ان سے متعلق ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا۔رانا ثنااللّٰہ نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی پیش کش نہیں ہوئی۔ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے، لیکن ابھی کوئی بات نہیں ہوئی۔ مولانا فضل الرحمان سے ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں۔ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے کوئی اختلاف نہیں، وہ اپنی اور ہم اپنی سیاست کر رہے ہیں۔ ہم ایک دوسرے کو ختم کرنے کی بات نہیں کریں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں ووٹ کےلیے ہمارے خلاف بات کر رہی ہے۔ جنوبی پنجاب میں 46 میں 35 سیٹیں ہماری کلیئر ہیں۔