کراچی (نمائندہ خصوصی )پاکستان کو اسلامی،فلاحی ریاست بنانا پاکستان راہ حق پارٹی کے بنیادی منشور میں شامل ہے۔ملک سے بے روز گاری،جہالت اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔اسلام کے نام پر بننے والے ملک کا چہرہ ملک کے لٹیروں نے مسخ کرکے رکھ دیا۔پانچ سالوں میں اربوں روپے کی دولت جمع کرنے والے عوام کے سامنے وضاحت کریں کہ انہوں نے اتنی بڑی دولت کس روزگار سے کمائی۔عوام ووٹ کی طاقت سے ملکی مفاد پر سودا بازی کرنے والوں کا راستہ روکیں اور پاکستان راہ حق پارٹی کے دست بازو بنیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان راہ حق پارٹی کے مرکزی ترجمان اشرف میمن،راہ حق ایکشن سیل کے چیئرمین عامرچودھری،مولانامحی الدین شاہ۔مولاناعبدالرفع شاہ،مولاناشکیل فاروقی،راہ حق کراچی صدرمولاناعادل عمرو دیگررہنماؤں نے پاکستان راہ حق پارٹی کے اجلاس کے بعدمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہ اجلاس میں تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکریٹریز نے شرکت کی۔ شرکائے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے اشرف میمن نے کہا ہے کہ پاکستان راہ حق پارٹی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اس کے لیئے ہم نے یو سیز سطح پر کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں جو بہت جلد امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کر کے مرکز کو بھیجیں گے مرکزی مشاورت کے بعد امیدواروں کے ناموں اعلان کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ ووٹ ایک امانت ہے جس کا صحیح استعمال ہر پاکستانی کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان راہ حق پارٹی کے انتخابی سیاست میں حصہ لینے کے اعلان کے بعد عوام میں غیر معمولی جوش و خروش واضح طور پردیکھنے میں آرہا ہے۔ عوام ووٹ کی طاقت سے کرپٹ اور بدعنوان سیاستدانوں کا راستہ روکیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا سیکولر جماعتیں پاکستان کی اسلامی تشخص کو پامال کرنا چاہتی ہیں۔ پاکستان راہ حق پارٹی انتخابات میں ایسی طاقتوں کا راستہ روکے گی۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ اگر تمام مذہبی قوتوں نے انتخابات میں باہمی ربط اور اتحاد کا مظاہرہ کیا تو بہترنتائج سامنے آئیں گے۔