کراچی ( نمائندہ خصوصی) الیکشن 2024 میں بھرپور حصہ لیں گے اور سندھ کےعوام کے حقوق غضب کرنےوالے بدعنوان سابقہ حکمرانوں کو عوام اب شکست فاش دیگی ، ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سکریٹری سردار عبدالرحیم نے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جوائنٹ سیکریٹری اور منشور کمیٹی کے چیئرمین کا نوٹیفیکیشن ڈاکٹر ایس ایم ضمیر کو جاری کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر حر جماعت کے خلیفہ ولی محمد پھوڑ بھی موجود تھےاس موقع پر سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پارٹی کا منشور ہی پارٹی کو صحیح سمت لے کر چلتا ہے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اپنے منشور میں جو وعدے کرے گی اسے ہر حال میں پورا کرے گی انہوں نے امید ظاہر کی ڈاکٹر ایس ایم ضمیر ایک تجربہ کار سیاسی کارکن ہیں، ان سے توقع ہے کہ باہمی مشاورت کے ساتھ ایسا منشور مرتب کریں گے جو وقت کے تقاضوں اور عوام کی ضروریات کو پورا کرے ، عوام میں اعتماد کی فضاء کو قائم کرے اور احساس محرومی کا خاتمہ ہو ۔ سردار عبدالرحیم نے کہا 75 سالوں سے جھوٹے وعدے کر کے عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے ملک کو “ پیرس “ بنانے والوں نے ملک اور خاص طور پر سندھ کو ویران کرکے ہماری اولادوں کا مستقبل تاریک کر دیا ہے۔ ہمیں اس ڈوبتی کشتی کو منجھدار سے نکالنا ہے-اس موقع پر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے سندھ کے صدر پیر سید صدر الدین شاہ راشدی المعروف یونس سائیں اور جنرل سکریٹری سردار عبدالرحیم کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ مجھ پر جو اعتماد کیا گیا ہے میں اس پر پورا اتروں گا اور ایسا ہی منشور پارٹی کو دیں گے جو عوام کی امنگوں پر پورا اترتا ہو-