کراچی ( کاشف گرامی سے)منفرد اسلوب کے حامل ممتاز شاعر، ادیب اور فلسفی جون ایلیا کی برسی گئی جون ایلیا نے معروف شاعر، صحافی اور دانشور رئیس امروہی اور سید محمد تقی جیسے بھائیوں کے ساتھ ادبی ماحول میں پرورش پائی، اس علمی ماحول نے جون کی طبیعت کی تشکیل بھی انہی خطوط پر کی۔8 سال کی کم عمری میں اپنا پہلا شعر کہنے والے جون، 1957 میں ہجرت کر کے پاکستان آئے اور کراچی کو اپنا مستقل مسکن بنا لیا، جلد ہی وہ شہر کے ادبی حلقوں میں مقبول ہو گئے، ان کی شاعری ان کے متنوع مطالعے کی عادات کا واضح ثبوت تھی جسکی وجہ سے ان کے کلام کو زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔جون ایک انتھک مصنف تھے لیکن انہیں اپنا تحریری کام شائع کروانے پر کبھی راضی نہ کیا جا سکا، ان کی شاعری کا پہلا مجموعہ ‘شاید’ 1991 میں منظر عام پر آیا جس وقت ان کی عمر 60 سال تھی، اس مجموعے کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں اردو سے آشنا طبقے نےبےحد پسند کیا۔ان کی شاعری کا دوسرا مجموعہ ’یعنی‘ ان کی وفات کے بعد 2003میں، تیسرا مجموعہ’گمان ‘ 2004 میں، چوتھا مجموعہ ’لیکن‘ 2006 میں اور پانچواں مجموعہ ’گویا‘ 2008 میں شائع ہوا، اس کے علاوہ نثر میں ان کی دو کتب فرنود اور راموزفات منظرِنامے پر آئیں۔فلسفہ، منطق، اسلامی تاریخ، اسلامی صوفی روایات، مغربی ادب پر جون ایلیا کا علم بے کراں تھا اور اس علم کا نچوڑ انہوں نے اپنی شاعری میں بھی شامل کیا جس کے باعث جون نے اپنے ہم عصروں میں نمایاں مقام حاصل کیا۔انہوں نے شاعری کے علاوہ فلسفہ، منطق، اسلامی تاریخ، سائنس اور مغربی ادب کے تراجم پر بھی وسیع کام کیا اوردنیا کی 40 کے قریب نایاب کتب کے تراجم کیے۔جون ایلیاء کو مختلف زبانوں پر کمال حاصل تھا، اردو شاعری میں اس کا بہترین استعمال کیا کرتے تھے،انہیں اردو کے ساتھ ساتھ فارسی ‘ عربی‘ سنسکرت پر خاص عبور حاصل تھا۔جون ایک ادبی رسالہ ’انشا‘ سے بطور مدیر بھی وابستہ رہے جہاں انکی ملاقات نامور ادیبہ اور کالم نگار زاہدہ حنا سے ہوئی, جن سے بعد ازاں جون رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ، جون کے زاہدہ حنا سے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا پیدا ہوا، 1980 کی دہائی کے وسط میں ان کی طلاق ہو گئی۔اسکے بعد تنہائی کے باعث جون کی صحت گرتی چلی گئی، کثرتِ شراب نوشی نے انہیں پژمردہ کر دیا اور یوں طویل علالت کے بعد اردو ادب کا یہ منفرد قلم کار اور ادبی دنیا کا آفتاب 8 نومبر 2002 کو 71 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔
میں بھی بہت عجیب ہوں، اتنا عجیب ہوں کہ بس
خود کو تباہ کرلیا اور ملال بھی نہیں