جموں (نمائندہ خصوصی)جموں میں ایک تقریب کے مقررین نے 1947ء کے شہدا کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔تقریب کا اہتمام سماجی و سیاسی تنظیموں کے اتحاد یونائیٹڈ پیس الائنس نے کیا تھا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور الائنس کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے کہا کہ جموں خطے میں مہاراجہ ہری سنگھ کی افواج نے 1947ء میں کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کی تھی ۔ اُنہوں نے کہا کہ 1947ء کا قتل عام انسانیت کے خلاف ایک انتہائی قابل مذمت گھنائونا جرم تھا ۔سابق ایڈووکیٹ جنرل جمیل کاظمی نے اس موقع پر شہدائے جموں کی یاد میں ایک یادگار تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ سینئر پیس ایکٹیوسٹ آئی ڈی کھجوریا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام انسانیت کا قتل تھا اور ہمیں چوکس رہنا چاہیے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں ۔سابق رکنِ اسمبلی شیخ عبدالرحمن نے کہا کہ بھارت میں فرقہ پرست طاقتوں کا عروج ایک بار پھر معاشرے میں فرقہ وارانہ تقسیم کو جنم دے رہا ہے۔اس موقع پر سکھ دیو سنگھ ، آر پی سنگھ ، پریتم سنگھ اور شبانجی کول نے بھی خطاب کیا۔