کراچی(کرائم رپورٹر )کراچی کے ایسٹ زون میں آن لائن پولیس کمپلین سسٹم نے کام شروع کر دیا، امریکا میں بیٹھے ایک پاکستانی شہری نے آن لائن ایف آئی آر بھی درج کروا لی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے ایسٹ زون میں آن لائن پولیس کمپلین سسٹم کی لانچنگ کے بعد امریکا میں بیٹھے پاکستانی شہری نے مقدمہ درج کروا دیا، یہ پہلا آن لائن مقدمہ ہے جو اوورسیز پاکستانی کی شکایت پر درج ہوا ہے۔ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق پاکستانی شہری کامران کی گاڑی گلشن جمال میں گھر کے باہر سے چوری ہو گئی تھی، جس پر نیویارک سٹی میں رہائش پذیر کامران نے پولیس کو آن لائن درخواست دی۔ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ واٹس ایپ کمپلین میں شہری کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اس کی گاڑی چوری ہو گئی ہے، جس پر کامران علی کی مدعیت میں شاہراہ فیصل تھانے میں مقدمہ درج ہوا، ایف آئی آر اندراج کے بعد کیس پر کام بھی شروع کر دیا گیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے اس پر اپنے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔