کراچی( نمائندہ خصوصی) پنجاب کے بعد سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے مختلف شہروں میں بھی پری مون سون کی بارشیں شروع ہو گئی ہیں، رات گئے سکھر، گھوٹکی، شکارپور، جیکب آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔دادو، جامشورو اور حیدر آباد میں بھی منگل سے بدھ تک بارش کی توقع ہے۔اندرون سندھ بارش شروع ہوتے ہی مختلف شہروں کی بجلی مکمل طور پر بند ہو گئی، سکھر میں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث ہائی ٹرانسمیشن لائن خراب ہو گئی
سکھر میں روہڑی ناکے پر آندھی سے درخت رکشے پر گر گیا، جس سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن خراب ہونے سے سندھ کے بیش تر اضلاع میں بجلی بند ہو گئی، صوبے کے 21 اضلاع تاریکی میں ڈوب گئے، متاثرہ علاقوں میں پنو عاقل، صالح پٹ، روہڑی، پرانا سکھر و دیگر شامل ہیں، آندھی اور طوفانی بارش کے باعث مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا، سیپکو کے 80 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے۔لاڑکانہ شہر اور گرد و نواح میں تیز ہواﺅں، گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا، اور موسم خوش گوار ہو گیا، تاہم بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔