سرینگر(نمائندہ خصوصی)غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے مقبوضہ جموں کشمیر میں خونریزی مسلسل جاری ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں سلیم زرگر ، یاسین عطائی ، خواجہ فردوس ، جاوید احمد میر ، اقبال میر اور امتیاز ریشی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 76 برس سے حل طلب تنازعہ کشمیر کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے واضح کیاکہ بھارت نے کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہء حریت کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے۔حریت رہنماؤں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ فوجیوں نے گزشتہ ماہ اکتوبر میں 17 کشمیریوں کو شہید کیا ہے اور ان کشمیریوں کے قتل کا مقصد مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرنا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں سفاک بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کا قتل عام رکوانے کیلئے عالمی برداری کو بھارت پر دباؤ بڑھانا چاہیے۔حریت رہنماؤں نے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کی ظلم و بربریت کا نوٹس لینا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کئے بغیر کشمیری عوام کو درپیش مشکلات اور مصائب ختم نہیں ہو سکتے ۔