کراچی( نمائندہ خصوصی) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ نااہل سیاستدانوں کی بدترین کارکردگی اور ڈیموکریسی کے نام پر رائج ناکام نظام اور ڈاکو کریسی نے ملک کو معاشی دیوالیہ کردیا اور عوام کو مہنگائی و بے روزگاری نے ذہنی مریض بناکر رکھ دیا ہے۔ ملک کی معاشی خوشحالی کے مقابلے میں ناکام نظام کے تحت الیکشن ثانوی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے قیام سے اب تک معاشی حالات بہتر ہوئے ہیں اور مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ نگراں حکومت کی مٹالی کارکردگی سے ڈالر کا ریٹ کم ہوا ہے اور عوام کو بہتری کی امید نظر آئی ہے۔ عوام کو تو دو وقت کی روٹی سے غرض ہے جس کا حصول نگراں حکومت میں آسان ہوا ہے۔ عوام کو جلد الیکشن میں کوئی دلچسپی نہیں بلکہ سب کی اولین ترجیح صرف معاشی بہتری اور مہنگائی میں کمی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ماضی میں موجودہ نظام کے تحت الیکشن ہونے سے معیشت بہتر ہوئی ہوتی تو اب بھی جلد الیکشن پر اصرار کیا جاسکتا تھا لیکن سیاستدانوں کی بدترین کارکردگی سے قوم سخت مایوس ہے۔