دبئی (اسحاق سومرو) دنیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک اور سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے یورپین یونین (ای یو) میں اشتہارات کے بغیر دونوں پلیٹ فارمز کے استعمال پر ماہانہ فیس کا پروگرام متعارف کرادیا۔فیس بک اور انسٹاگرام کی جانب سے پہلے ہی ماہانہ فیس کے عوض بلیو ٹک فراہمی کی جا رہی ہے اور اب پلیٹ فارمز نے سبسکرپشن کے نئے آپشنز بھی متعارف کرادیے۔میٹا کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ یورپین یونین کے تمام رکن ممالک اور سوئٹزرلینڈ میں صارفین اشتہارات کے بغیر فیس بک اور انسٹاگرام استعمال کرنے کے بدلے ماہانہ فیس ادا کرنے کا آپشن استعمال کر سکتے ہیں۔کمپنی کے مطابق یورپین یونین کے صارفین اشتہارات کے بغیر ڈیسک ٹاپ پر فیس بک اور انسٹاگرام کو استعمال کرنے کی ماہانہ فیس 10 یورو جبکہ موبائل فون صارفین ماہانہ 13 یورو ادا کریں گے۔کمپنی کے مطابق یہ فیس یکم مارچ 2024 تک برقرار رہے گی، تاہم مذکورہ مدت کے بعد ڈیسک ٹاپ صارفین ماہانہ 6 یورو جبکہ موبائل صارفین ماہانہ 8 یورو اضافی فیس بھی دیں گے۔کمپنی نے بتایا کہ مذکورہ اضافی فیس گوگل اور ایپل کی جانب سے وصول کیے جانے والے ٹیکس کی مد میں لی جائے گی جو کہ دونوں کمپنیاں یکم مارچ 2024 سے وصول کریں گی۔