کراچی(نمائندہ خصوصی) چیئرمین انٹر بورڈ نے جعلی پرچہ چلانے پر ایک نجی چینل کے خلاف کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔چیئرمین انٹر بورڈ ڈاکٹر سعید الدین نے کہاکہ جس چینل نے پرسوں جعلی پرچہ چلایا اس کے خلاف کارروائی کرنے جا رہے ہیں۔انھوں نے کہاکہ جعلی پرچہ چلانے والے چینل کے خلاف پیمرا میں شکایت درج کرائیں گے، 10 بجکر 10 منٹ پر یہ کہنا کہ پیپر آﺅٹ ہو گیا غلط تاثر دینا ہے۔پیرکوانٹر کے سالانہ امتحانات کا دوسرا دن تھا، چیئرمین انٹر بورڈ ڈاکٹر سعید الدین نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سینٹرز میں بجلی بندش کی شکایات دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انھوں نے ایک اور مسئلے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا آج او ایم آر(آپٹیکل مارک ریکگنیشن)شیٹس کے بارے میں بھی پوچھا گیا، اس حوالے سے کچھ ابہام تھا مگر بچوں نے آسانی سے شیٹس بھر لیں۔ واضح رہے کہ انٹر میڈیٹ امتحانات میں پہلی بار اس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر سعید الدین نے کہا جب بھی کوئی نیا سسٹم آتا ہے، تو مسائل آتے ہیں، اگر کہیں شیٹس ضائع ہوتی ہیں تو ہم وہاں مزید فراہم کر دیں گے، ہماری جامعات بھی او ایم آر سسٹم پر ٹیسٹ لیتی ہیں۔