اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)حج درخواستیں جمع کروانے کا وقت قریب آگیا ،۔نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد آج (بدھ کو ) حج پالیسی کا اعلان کریں گے۔ وفاقی وزیر شام چار بجے پریس کانفرنس کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری حج اسکیم کیلئے درخواستیں نومبر کے وسط تک طلب کی جائیں گی۔ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2024 کی گزشتہ روز منظوری دی تھی۔منظور کردہ سرکاری حج پیکج میں عوامی تجاویز پر کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔پہلی باراضافی رقم کے ساتھ 20 سے 25 دن کا شارٹ حج پیکج بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے سپانسر شپ حج سکیم جاری رکھی جائے گی۔ ذرائع کا کہناہے کہ حج اخراجات کی ادائی ڈالرز میں کرنے کی صورت میں قرعہ اندازی سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔ مدینہ منورہ میں رہائش کیلئے 4 سے 8 دن کا انتخاب کیا جا سکے گا۔ شناخت کیلئے حجاج کے دیئے جانے والے بیگ پر پاکستانی پرچم، کیو آر کوڈ اور کوائف درج ہونگے۔ حج درخواستوں کے آن لائن اندراج کیلئے موبائل ایپ کا اجرائ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اکانومی پیکج ماضی کی طرح 40 دن پر ہی محیط ہو گا۔ سرکاری حج سکیم کے تحت 90 ہزار سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کریں گے ۔