کراچی ( کورٹ رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ نے سیکرٹری صحت سندھ کو عامر لیاقت کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے لئے انتظامات کا حکم دے دیا۔کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی عدالت نے معروف مذہبی اسکالر اور سیاستدان ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کا حکم دیا تھا اور اب عدالت نے محکمہ صحت سندھ کو اس حوالے سے انتظامات کا بھی حکم دے دیا ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے سیکریٹری صحت سندھ کوخط لکھا ہے جس میں عدالت نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے لئے ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔عدالت نے سیکرٹری صحت سندھ کو حکم دیا ہے کہ ڈاکٹرعامرلیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرنے کے لئے تاریخ مقررکی جائے، اور پوسٹ مارٹم کے لئے میڈیکل بورڈ بنایا جائے۔واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین کا انتقال ایک معمہ بن گیا ہے اور ان کی نماز جنازہ بھی پولیس کی جانب سے پوسٹ مارٹم کروانے کے اصرار کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی تھی، پولیس حکام کا موقف تھا کہ موت کی وجہ کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے پوسٹ مارٹم ضروری ہے۔کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کیلئے شہری کی دائر درخواست پر سماعت ہوئی تھی۔درخواست گزار عبدالاحد کے وکیل ارسلان راجہ نے موقف اختیار کیا تھا کہ عامر لیاقت کی اچانک پراسرار موت ہوئی ہے اور معروف ٹی وی ہوسٹ اور سیاست دان تھے۔بیرسٹر ارسلان راجہ کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کی اچانک موت سے ان کے مداحوں میں شکوک و شبہات ہیں اور شبہ ہے کہ عامر لیاقت کو جائیداد کے تنازع پر قتل کیا گیا ہے اور ان کے پوسٹ مارٹم کیلئے خصوصی بورڈ تشکیل دیا جائے۔