واشنگٹن(نمائندہ خصوصی)
امریکہ میں سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی طلباء اور پیشہ ور افراد کے لیے امریکہ کا دورہ اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنا عوامی خدمات کے لئے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلیمی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے مل کر کوشش کر رہے ہیں۔ وفود کے تبادلے کے پروگرام نئی ٹیکنالوجیز سیکھنے اور پیشہ ور افراد کے نیٹ ورکس بنانے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان نےسرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے 15 مڈ کیرئیر پاکستانی پروفیشنلز کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جو ہیوبرٹ ہمفری فیلوشپ پروگرام کے تحت امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں اور امریکہ کی معروف یونیورسٹیوں کے مختلف شعبوں میں زیر تربیت ہیں۔
ہیوبرٹ ہمفری فیلو شپ پروگرام کے تحت پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کےمڈ کیریئر پیشہ ور افراد کو امریکہ کی درسگاہوں میں ایک سال کے مطالعے اور پیشہ ورانہ تجربات حاصل کا موقع میسر آتا ہے، یہ فلبرائٹ ایکسچینج کا حصہ ہے اور پروفیشنلزکا انتخاب ان کی قائدانہ صلاحیت اور عوامی خدمت کے عزم کی بنیاد پر میرٹ پر کیا جاتا ہے۔ رواں سال 17 پاکستانیوں کو اس پروگرام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
پاک امریکہ تعلقات کےحوالے سے بات کرتے ہوئےسفیر پاکستان نے کہا کہ دونوں ممالک نے افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد اپنے تعلقات کو از سر نو ترتیب دیا ہے اور تجارت ،سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، توانائی، زراعت، صحت اور تعلیم سمیت اہم شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا ہے۔ مسعود خان نے سرکاری شعبہ جات سے منسلک فیلوز پر زور دیا کہ وہ امریکی نظام میں ان مروجہ طریقوں پر غور کریں جو پبلک سیکٹر میں بہتر سروس ڈیلیوری کے حوالے سے برؤے کار لائے جاتے ہیں۔ شعبہ صحت میں پاک امریکہ دو طرفہ تعاون پر گفتگوکرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں وبائی امراض سے نمٹنے اور وباؤں کی مانیٹرنگ سمیت ویکسین کی تیاری میں امریکی مہارت سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہےسفیر پاکستان نے پروفیشنلز پرزور دیا کہ وہ اپنے ہم منصبوں کے ساتھ مضبوط نیٹ ورک استوار کرنے پر توجہ دیں ۔ انہوں نے پاکستانی فیلوز سے کہا کہ وہ پاکستان کے سفیر ہیں اور پاکستان کی حقیقی تصویر پیش کرنے او دونوں ممالک کے عوام اور خصوصاً پیشہ ور افراد کے درمیان روابط استوار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ سفیر پاکستان نے ہیوبرٹ ہمفری فیلو شپ پروگرام کے تحت پاکستان سے آنے والے شرکاء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔