جنیوا( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بھاری اکثریت سے غزہ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی ہے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ نے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور کرتے ہوئے محصور غزہ تک امدادی رسائی اور اس کے شہریوں کے تحفظ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔عرب ریاستوں کی طرف سے تیار کردہ قرارداد کا مسودہ اگرچہ قانون کے نفاذ کا پابند نہیں ہے تاہم یہ سیاسی وزن ضرور رکھتا ہے۔ قرارداد کے حق میں تالیوں کی گونج میں 120 ووٹوں پڑے، جب کہ 45 غیر حاضر رہے اور 14 بشمول اسرائیل اور امریکہ نے قرارداد کیخلاف ووٹ دیا۔سلامتی کونسل کی جانب سے گزشتہ دو ہفتوں میں چار بار اجلاس میں ناکامی کے بعد جنرل اسمبلی نے جنگ بندی کی قرارداد پاس کی ہے۔ قرارداد کی منظوری کے لیے دو تہائی اکثریت درکار تھی جس میں غیر حاضری شمار نہیں ہوتی۔