دوہا( مانیٹرنگ ڈیسک )قطر کی ایک عدالت نے بھارتی نیوی کے 8 سابق افسران کو سزائے موت سنادی۔ بھارتی حکومت نے قطر میں بھارتیوں کو سزائے موت ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے کی تفصیلات کا انتظار ہے، معاملے کو قطری حکام کے ساتھ اٹھائیں گے۔بھارتی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قطر کی کمپنی میں کام کرنے والے 8 بھارتیوں کو قطر کی عدالت نے سزائے موت سنائی ہے۔اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ قطر کی عدالت کے فیصلے سے گہرے صدمے میں ہیں، قطری عدالت کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، اس سلسلے میں تمام قانونی اقدامات کریں گے۔بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ مقدمے کی حساس نوعیت کی وجہ سے اس معاملے پر مزید کچھ نہیں کہہ سکتے۔خیال رہے کہ کچھ ماہ قبل بھارتی میڈیا نے بھارتی بحریہ کے 8 سابق افسران کے قطر میں گرفتار ہونے سے متعلق بتایا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی نیوی افسران کو اسرائیل کےلیے جاسوسی کے الزام میں قطر میں 2022ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔بھارتی بحریہ کے سابق افسران قطری بحریہ کےلیے ساز و سامان بنانے والی کمپنی میں کام کر رہے تھے۔بھارتی نیوی کے سابق افسران میں کیپٹن نوتیج سنگھ گل، برندرہ کمار ورما، سورابھ وشست، کمانڈر امت نگپال، پریندو تواری، سگناکر پکالا، سنجیو گپتا اور ملاح راجیش شامل ہیں۔ جاسوس اہلکار داہرا گلوبل ٹیکنالوجی میں چھوٹی آبدوزیں بنانے جیسے حساس نوعیت کے منصوبے پر کام کر رہے تھے۔