کوئٹہ( نمائندہ خصوصی)بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں تاخیر کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کا بجٹ اسکیموں کو حتمی شکل دیے جانے کے باعث مؤخر کیا گیا، بجٹ اجلاس کو ری شیڈول کرنے کی وجہ ترقیاتی بجٹ کی ایڈجسٹمنٹ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اراکین اسمبلی کی تجاویز کو باہمی مشاورت سے بجٹ کا حصہ بنایا جارہا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے حمایتی پارلیمنٹیرینز کی اسکیموں کو بجٹ میں شامل کیا جارہا ہے، حکومتی اراکین کی کوشش ہے کہ بجٹ میں زیادہ سے زیادہ اسکیموں کا شیئر حاصل کیا جائے۔
خیال رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا شیڈول دو بار تبدیل کیا گیا ہے، پہلے اسمبلی کا بجٹ سیشن 17 جون کو طلب کیا گیا تھا، جس کے بعد 17 جون کی بجائے بجٹ اجلاس 20 جون کو طلب کیا گیا تھا، آج پھر بجٹ کے اجلاس کو ایک دن کے لیے مؤخر کردیا گیا ہے، اب اجلاس کل سہ پہر 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ بجٹ اجلاس وزیر اعلیٰ کی بی اے پی کونسل سیشن میں مصروفیات کے باعث ایک دن کے لیے مؤخر کیا گیا ہے