لاہور (نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کی 3 خواتین رہنما استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو گئی ۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 3 خواتین رہنما استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شامل ہوگئیں۔آئی پی پی سربراہ جہانگیر ترین سے پی ٹی آئی کی رہنما عندلیب عباس، سابق ارکان پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل اور سمیرا بخاری نے ملاقات کی ہے۔لاہور میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر پی ٹی آئی کی 3 سابق خواتین رہنماؤں نے آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ملاقات کے بعد عندلیب عباس، سعدیہ سہیل اور سمیرا بخاری نے استحکام پاکستان پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔اس موقع پر فردوس اعوان نے کہا کہ یہ خواتین آئی پی پی منشور پر عمل درآمد میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گی۔عندلیب عباس نے کہا کہ ہم نے آگے دیکھنا ہے، دیکھنا ہے کہ کاز کیا ہے، فرد پارٹی کاز سے بڑا نہیں ہوتا، کاز آگے ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے بجلی بل کے لیے زیور، موٹرسائیکلیں بیچی ہیں، ہمارے معاشی اور معاشرتی حالات تھکن، الجھن اور تذبذب کا شکار ہیں۔عندلیب عباس نے مزید کہا کہ غصہ، ڈپریشن، الجھن ہے، لوگ لڑ رہے ہیں، ڈاکے ڈال رہے ہیں، لوگ بغیر سمت کے زندگی گزار رہے ہیں، لوگ زندہ ہیں لیکن زندگی نہیں ہے۔سعدیہ سہیل نے کہا کہ میرا بیک گراؤنڈ غیر سیاسی ہے، عام پاکستانی ہوں، پارٹیوں سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کے لیے آج ہم یہاں بیٹھے ہیں۔