اسلام آباد(اسپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے ورلڈ کپ 2023 کے ایکرڈیشن جاری ہونے کے باوجود پاکستان میں انڈین ہائی کمیشن صحافیوں کو ویزے جاری نہیں کر رہا۔ اسلام آباد لاہور اور کراچی کے درجنوں صحافیوں کو ابھی تک ویزے جاری نہیں کئے گئے۔ آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشاورت سے پاکستان کے تقریباً چار درجن صحافیوں کو ایکرڈیشن جاری کی تھی جن کو بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ ( بی سی سی آئی) کی طرف سے انڈین ہائی کمیشن اسلام آباد کو ویزے جاری کرنے کے لیٹر بھی بھیجے گئے اور اس میگا ایونٹ کی کوریج کے لئے منظور شدہ صحافیوں کی فہرست بھی انڈین ہائی کمیشن اسلام آباد کو بھیجی گئی تھی۔ ایونٹ شروع ہونے سے پہلے ہی پاکستانی صحافیوں نے ویزے کے حصول کے لئے انڈین ہائی کمیشن اسلام آباد میں آن لائن درخواستیں جمع کروائیں لیکن انہیں ورلڈ کپ شروع ہونے کے باوجود ویزے نہیں دئیے گئے اور ورلڈ کپ کی تاریخ کا یہ پہلا موقع تھا جب کوئی بھی پاکستانی صحافی 6 اکتوبر کو پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان حیدرآباد آباد میں ہونے والے میچ کے دوران پریس لاؤنج میں موجود نہیں تھا۔ اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے انٹرنیشل کرکٹ کونسل سے رابطہ کیا تو بھارتی ہائی کمیشن نے 6 صحافیوں کو ویزے جاری کر دئیے لیکن دیگر درجنوں صحافی ابھی تک ویزہ ملنے کے انتظار میں ہیں۔ ایکرڈیشن حاصل کرنے والے صحافیوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین زکا اشرف اور وزارت خارجہ کے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو فوری طور پر متعلقہ فورم کے سامنے اٹھائیں تاکہ پاکستانی صحافیوں کو اس میگا ایونٹ کی کوریج کا موقع مل سکے