کراچی(نمائندہ خصوصی)ایس پی ملیر آفس میں تعینات جونئیر کلرک تابش ہاشمی نے 15 رکنی پرائیویٹ ٹیم بنا لی،آئے روز معصوم شہریوں اور کیبن والوں کو اٹھا کر لاکھوں روپے وصول کرنے کا انکشاف ،پیسے نہ ملنے کی صورت میں شہریوں کو جھوٹے مقدمات میں فٹ کرنا معمول بن گیا،ایس ایس پی ملیر طارق الہی مستوئی کی امن وامان کی کوشش رائیگاں،کوئی پوچھنے والا نہیں تفصیل کے مطابق حال ہی میں تعینات ہونے والے ایس پی ملیر شعیب میمن کے آفس میں تعینات جونئیر کلرک تابش ہاشمی اور ذیشان نامی اہلکار نے 15 رکنی اسپیشل ٹیم بنا کر عشاء کے بعد مختلف تھانہ جات کی حدود میں معصوم شہریوں اور کیبن چلانے والوں کو اٹھانے کی وارداتیں کرنے لگ گئے مورخہ 20اکتوبر سال 2023 کی شام تقریبا ساڑھے آٹھے بجے سے نو بجے کے درمیان شاہ لطیف ٹاون سیکٹر 20 بی زکریا چوک پر واقع کیبن سے دو شہریوں فیضان ولد عنایت اللہ اور فرحان ولد عاشق حسین کو اٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے شہریوں نے نمائندہ روزنامہ جرات کو بتایا کہ جونئیر کلرک تابش ہاشمی اور پی سی ذیشان نے اپنی پرائیویٹ ٹیم کے ہمراہ بغیر یونیفارم اور منہ پر ڈھاٹے باندھے ہوئی زبردستی کیبن میں داخل ہوئے اور کیبن میں موجود ایزی پیسہ کی رقم ایک لاکھ چھتیس ہزار روپے،دو عدد ڈنڈے گولڈ لیف سگریٹ،تین عدد ڈنڈے کیپسٹن سگریٹ،ایک عدد ڈنڈا مارون سگریٹ اور کیبن میں موجود ونڈو اسی بھی اپنے ساتھ لے گئے جبکہ دوسری واردات تھانہ شاہ لطیف ٹاون کی حدود رینجرز چوکی سیکٹر 19 بی کے قریب واقع کیبن پر جونئیر کلرک تابش ہاشمی اور پی سی ذیشان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سرانجام دی اور یہاں سے بھی دو افراد بنام محمد ایاز ولد میرافضل اور اسد علی ولد محمد موسی کو زبردستی اپنے ساتھ اٹھا کرلے گئے اسکے علاوہ جونئیر کلرک تابش ہاشمی اور پی سی ذیشان نے یہاں سے تیس ہزار روپے نقد رقم اور ایک عدد بیٹری بھی اپنے ساتھ لے گئے ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ چار نفر کو جونئیر کلرک تابش ہاشمی اپنے ساتھ ایس پی آفس میں لے کر گیا اور پکڑے گئے شہریوں پر تشدد کرتا رہا اسکے بعد انکے اپنے موبائل فون سے انکے گھر والوں سے دو دو لاکھ روپے فی نفر کو چھوڑنے کی ڈیمانڈ کی گئی گھر والوں کی جانب سے پیسے نہ ملنے پر جونئیر کلرک تابش ہاشمی اور پی سی ذیشان چاروں افراد کو لیکر تھانہ ملیر سٹی پہنچے اور ایس پی ملیر شعیب میمن کا نام استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے معصوم شہریوں پر گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت جھوٹا مقدمہ نمبری 796/2023 سب انسپکٹر ندیم ریاض کی مدعیت میں درج کروادیا باوثوق ذرائع نے بتایا کہ جونئیر کلرک تابش ہاشمی اور پی سی ذیشان نے 15 مددگار پولیس اہلکاروں کے ہمراہ 15 رکنی چھاپہ مار ٹیم تیار کررکھی ہے واضح رہے کہ تابش ہاشمی اور پی سی ذیشان نے یہ واردات اس رات کو کی جب ایس پی ملیر شعیب میمن چھٹی پر تھے اور ایس پی آفس میں کوئی بھی بندہ موجود نہیں تھا ذرائع نے بتایا کہ ایس پی آفس کے سامنے لانڈھی اسٹیشن کے قریب ایک نجی ٹارچر سیل بھی جونئیر کلرک تابش ہاشمی اور پی سی ذیشان نے بنا رکھا ہے جہاں پر اس وقت دیواروں پر رنگ کرنے کا کام چل رہا ہے ایس ایس پی ملیر طارق الہی مستوئی اور ایس پی ملیر شعیب میمن کی ملیر میں امن و امان قائم کرنے کی کاوشوں کو جونئیر کلرک تابش ہاشمی اور پی سی ذیشان دیوار سے لگانے کی کوشش میں مصروف عمل ہیں ایس ایس پی ملیر طارق الہی مستوئی اور ایس پی ملیر کو معاملے کا نوٹس لینا چاہیے اور بالا افسران کانام خراب کرنے اور امن وامان کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔