کراچی(کرائم رپورٹر) مون سون بارشوں کی آمد ہے، مخدوش اور خطرناک قرار دی گئی عمارتیں تاحال خالی نہ کرائی جاسکیں ہیں۔ذرائع کے مطابق کراچی میں 556 اور اندرون سندھ 99 عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ ایس بی سی اے نے صرف عمارتوں کے انخلا کے نوٹسسز بھجوا کر جان چھڑالی۔ایس بی سی اے کے مطابق سب سے زیادہ مخدوش عمارتیں ضلع جنوبی میں 429 کے قریب ہیں۔
لیاری میں 102، صدر میں 27، رنچھوڑ لائن میں 42، رامسوامی میں 25، آرام باغ میں 41 عمارتیں مخدوش ہیں۔مخدوش قرار دی گئی عمارتوں کے مکینوں کو انتباہی نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔ ایس بی سی اے کے مطابق جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے شہریوں کو عمارتیں خالی کرنے کا کہا گیا ہے۔ عمارتیں خستہ حال اور کسی وقت بھی حادثے کا شکار ہوسکتی ہیں۔مون سون سیزن میں پانی کے رسا کے سبب شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی اور کرنٹ لگنے کے واقعات بھی رونما ہوسکتے ہیں۔