تربت( نمائندہ خصوصی ) کیچ کور ندی میں دو مقامات پر پھنسے ہوئے بارہ افراد کو انتظامیہ نے ریسکیو کراکے حفاظتی مقام پر پہنچا دیا گیا۔اس موقع پر کمشنر مکران سعید احمد عمرانی نے ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے ملک ریحان دشتی ، پولیس اور لیویز فورس کے حکام کے ہمراہ جاہ وقوع پر پہنچ کر خود ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی ۔اس دوران لیویز فورس تربت کے انچارج سلام بلوچ نے لیویز فورس کے جوانوں کے ہمراہ کیچ کور ندی میں کلگ کے مقام پر پھنسے ہوئے سات افراد کو نکالنے میں اہم کردار ادا کیا اور ان متاثرہ افراد وہاں سے نکال کرحفاظتی مقام پر پہنچا دیا ۔واضح رہے گزشتہ رات بارشوں کے نتیجے میں کیچ کور ندی میں پانی کا ریلا آیا تھا جس میں جسمیں سات افراد پھنس گئے تھے ۔ ان افراد کا تعلق تنزگ اور گردونواح کے علاقوں سے بتایا جاتا ہے
قبل ازیں کیچ کور ندی میں ایک اور پوائنٹ پر لیویز تربت کے انچارج سلام بلوچ نے لیویز فورس کے جوانوں کے ہمراہ ٹریکٹر پر سوار ہوکر ندی کراس کرنے والے پھنسے ہوئے پانچ مزدوروں کو بھی ریسکیو کرکے حفاظتی مقام پر پہنچادیا جبکہ اس دوران ان مزدوروں کا ٹریکٹر پانی کے ریلے میں بہہ گیا ۔دریں اثناء کمشنر مکران سعید احمد عمرانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے سیزن میں کیچ کور ندی اور دوسرے برساتی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں ۔