کراچی (نمائندہ خصوصی) امریکی قائم مقام قونصل جنرل جمی مولڈین اور جنرل راشد حسین سفیر برائے مذہبی آزادی نے محکمہ خارجہ کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ نگران وزیر داخلہ و جیل خانہ جات سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر داخلہ نے وفد کو حکومت کی اہم کامیابیوں بالخصوص داخلی سلامتی اور اقلیتوں کے حقوق وتحفظ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ نے مندوبین کو بتایا کہ داخلی سلامتی کو بہتر بنانے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ دونوں فریقین نے اقلیتی برادری کے لیے سرکاری ملازمتوں کے لیے مختص کوٹہ، جبری تبدیلی مذہب اور توہین مذہب کے واقعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔نگران صوبائی وزیربرائے داخلہ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں 4000 سیکیورٹی اہلکاروں پر مشتمل اسپیشل پولیس فورس (ایس پی ایف) قائم کی گئی ہے تاکہ صوبہ بھر میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عبادت گاہوں اور اس کے ارد گرد سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہیں۔وفدنے امن، سلامتی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سندھ حکومت کے عزم کو سراہتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کرنے کا اعادہ کیا۔اجلاس میں نگراں وزیر داخلہ کی معاونت صوبائی سیکرٹری داخلہ محمد اقبال میمن نے کیا۔