کراچی(بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی جمہوریت، آئین اور الیکشن کو ایک شخص کی واپسی کیلئے روکا گیا، آج کے بعد ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کر رہے ہیں، خود جگہ جگہ جاؤں گا، ایک ہی مطالبہ ہو گا الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرو۔سانحہ کارساز کے حوالے سے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کو عوام کا مطالبہ ماننا پڑے گا، 90 دن سے زائد کی کڑوی گولی تب کھا سکتے ہیں جب الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دے، الیکشن میں تاخیر، ووٹ کی عزت نہیں بے عزتی ہے، انشاء اللہ جیت جیالوں کی ہوگی۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کوئی بولے نہ بولے میں تو حق کا مطالبہ کروں گا، انہوں نے کہا کہ اُمید ہے ریاستی انتظامات کے بعد استقبال بھی بڑا ہو گا اور الیکشن کی تاریخ بھی آئے گی۔سابق وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو ظالمانہ طریقے سے مارا جا رہا ہے، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کو فلسطین کے لیے بولنا پڑے گا، فلسطینی اکیلے نہیں، پاکستان کے عوام ان کے ساتھ ہیں۔