لاہور( نمائندہ خصوصی )مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کا ایجنڈا معیشت کی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے چھٹکارا دلوانا ہے۔مریم نواز نے فیڈریشن آف پاکستان چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے لاہور میں واقع ریجنل دفتر کا دورہ کیا۔ایف پی سی سی آئی میں خصوصی سیشن ’چارٹر آف اکانومی‘ سے خطاب میں مریم نواز نےکاروباری برادری کو پاکستان کی معاشی بحالی کےلیے نواز شریف کے وژن سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ حکومت میں آکر بیوروکریسی، ایف بی آر کی اصلاح اور نیب کے انتقام کا خاتمہ کرے گی۔ن لیگی چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ میثاق معیشت کے ساتھ میثاق پاکستان بھی ہونا چاہیے، حکومت کسی کی بھی آئے ملکی پالیسیاں تبدیل نہیں ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ اگر سازگار پالیسیاں نہیں بنیں گی تو سرمایہ کاری نہیں آئے گی، 24 فیصد تک شرح سود پر کون سرمایہ کاری کرے گا۔مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے ضروری ہے، 2، 3 سال کے لیے آنکھیں بند کرلیں، کسی سے نہ پوچھیں کہ پیسہ کہاں سے آیا ہے، تمام ترقی پذیر ممالک میں ایسے ہی ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے، ملک میں سلیکون ویلی اور آئی ٹی ہب بننا چاہیے۔ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ ایف بی آر لوگوں کی قابلیت کی حوصلہ شکنی کرتا ہے، نیب کی وجہ سے بھی بزنس کمیونٹی خوف کا شکار رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے لوگوں کو پیسہ کمانے کے قابل بنانا ہے پھر ٹیکس لینا ہے، ایز آف ڈوئنگ بزنس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کا ایجنڈا معیشت کی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے چھٹکارا دلانا ہے، وہ بیوروکریسی، ایف بی آر کی اصلاح کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نیب کے انتقام کا خاتمہ کرکے کاروباری برادری کے تحفظات دور کریں گے، کاروباری، صنعتکار اور تاجر برادری کو مراعات دیں گے۔ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ سرکار نہیں عوام اورنجی شعبہ کاروبار کرے گا، متبادل توانائی کے ذرائع کو ترقی دے کر ایندھن کا درآمدی بل کم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میکرو اکنامک اصلاحات کریں گے، سی پیک کی رفتار تیز اور برآمدات بڑھائیں گے، آئی ٹی، زراعت، معدنیات، توانائی سمیت دیگر شعبوں کی مثالی اور تیز ترین ترقی کا پلان تیار ہے۔مریم نواز نے کہا کہ 2018 سے 2022 کی تباہی نے ملک کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔