لاہور( اسپورٹس ڈیسک )
ملتان سلطان نے آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والی کیتھرین ڈالٹن کی بطور بولنگ کوچ خدمات حاصل کی ہیں۔پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو کوچ مقرر کیا گیا ہے۔انگلینڈ میں پیدا ہونے والی کیتھرین ڈالٹن نے 2015 میں آئرلینڈ کی شہریت حاصل کی،اُنہوں نے 4 ون ڈے اور4 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی کھیل رکھے ہیں۔
پی ایس ایل فرنچائز نے اُن کی خدمات بطور بولنگ کوچ حاصل کی ہیں، کیتھرین ڈالٹن 2 مرتبہ پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔انہوں نےجنوبی پنجاب میں فاسٹ بولرز کے ساتھ کام کیا ہے، کیتھرین ڈالٹن آئی سی بی لیول تھری ایڈوانس کوچ ہیں، وہ انگلینڈ میں نیشنل فاسٹ بولنگ اکیڈمی میں بھی کوچنگ کر چکی ہیں ۔کیتھرین ڈالٹن کا کہنا ہے کہ وہ ملتان سلطانز کے ساتھ پی ایس ایل میں کام کرنے کے لیے پرجوش ہیں، وہ اس سے قبل بھی ملتان سلطانز کے فاسٹ بولرز کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔