اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) کمانڈر ہنگری ایئر فورس، بریگیڈیئر جنرل جوزف کولر، نے اپنے وفد کے ہمراہ آج ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ،ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ہنگری کے ائیر چیف کی جانب سے پاکستان کا یہ پہلا دورہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ شرکت داری میں ایک اہم سنگ میل اور دونوں فضائی افواج کے مابین تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ یہ تاریخی ملاقات پاکستان اور ہنگری کے مابین دفاعی صنعت اور عسکری شعبے میں بڑھتی ہوئی دو طرفہ شراکت داری کی نشاندہی کرتی ہے۔ معززین نے ملاقات میں مشترکہ تعاون کے کئی اہم شعبوں، بالخصوص عسکری ٹیکنالوجی اور تربیتی پروگرامز میں باہمی اشتراک کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے پر زور دیا۔ پاکستان اور ہنگری کی فضائی افواج جلد ایک مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دیں گی جس کے تحت پاک فضائیہ کی جانب سے ہنگری ایئر فورس کے لڑاکا پائلٹس کو بنیادی اور ٹیکٹیکل تربیت فراہم کی جائے گی۔ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے بریگیڈیئر جنرل جوزف کولر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعدازاں پاک فضائیہ کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے کمانڈر ہنگری ایئر فورس کا تعارف بھی کروایا گیا۔دورانِ ملاقات ایئر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت، اسکے اہداف اور مستقبل کی جنگی حکمتِ عملیوں کے تناظر میں اسکے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے لیئے جاری مختلف منصوبوں سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے پاکستان اور ہنگری کے مابین مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات کی اہمیت پر زود دیا جو کہ علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ائیر بیس پر جاری، فضائی مشق انڈس شیلڈ میں ہنگری ایئر فورس کی شرکت کو سراہتے ہوئے ائیر چیف نے دونوں ممالک کے مابین لازوال تعلقات کو مزید فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ بھی کیا جو دونوں ممالک کے مابین مشترکہ چیلنجز کا سامنا کرنے کے عزم اور انکے مابین باہمی اتحاد کا موجب ہیں۔ہنگری کے ائیر چیف نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت اور اسکی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی شاندار پیشرفت کی تعریف کی۔ بریگیڈیئر جنرل جوزف کولر نے دوطرفہ عسکری تعاون اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود تعلقات کو فروغ دینے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی سربراہی میں قائم کردہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے مابین موجود دفاعی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے لیے تکنیکی اشتراک کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔بعد ازاں، وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز میں قائم کردہ مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا دورہ کیا جن میں نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشن سینٹر اور پاک فضائیہ کی سائبر کمانڈ شامل ہیں۔ انہوں نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ بھی کیا جو ملک میں مستقبل کی ایرو اسپیس اور ہوابازی کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں جدت سے ہمکنار کرنے کے لیئے ایک قابل تقلید منصوبے کی حیثیت کا حامل ہے۔ہنگری کے ائیر چیف کا دورہء پاکستان دونوں ممالک کی جانب سے تعاون کے فروغ اور باہمی شراکت داری کو تقویت دینے کے لیئے اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔