کراچی( نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے محکمہ تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ایک نڈر، انتہائی ذہین اور دلیر عوامی لیڈر تھی اور وہ مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم بھی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بینظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق ملک کی ترقی و خوشحالی اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ ان باتوں کا اظہار آج انہوں نے کل 21 جون کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی منائے جانے والے 69 ویں سالگرہ کے حوالے سے جاری کردہ پیغام میں کیا ہے۔وفاقی وزیر شازیہ مری نےشہید جمہوریت بینظیر بھٹو کی 69 ویں سالگرہ کے دن کی مناسبت سے انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل کرتے ہوئے جام شہادت نوش کی اور ملک میں بحالیِ جمہوریت کی جدوجہد کے دوران شہید بینظیر بھٹو نے قید اور جلاوطنی کی صعوبتیں بھی برداشت کی ۔
شہید بینظیربھٹو نے جمہوریت کے قیام اور عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے ضیا الحق جیسے آمر کا بہادری سے مقابلہ کیا سختیاں جھیلیں ۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی خواتین کے حقوق اور انہیں با اختیاربنانے کیلئے کئی گئی خدمات ناقابل فراموش ہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز شہید بینظیر بھٹو نے کیا جس کے تحت غریب خواتین کو مالی مدد فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید رانی کی جمہوریت کیلئے طویل جدوجہد اور عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے انکی تعلیمات اور ارشادات ہمارے لئے آج بھی مشعل راہ ہیں۔