اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)بینکنگ محتسب پاکستان نے رواںسال کے پہلے نو ماہ (جنوری تا ستمبر) کے دوران 18,431 شکایات کا ازالہ کرکے بینکنگ صارفین کو972.33 ملین روپے کی رقم واپس کرائی۔یکم جنوری سے 30 ستمبر 2023ء تک بینکنگ محتسب کے دفتر کو21,852 شکایات موصول ہوئیں۔ جن میں وزیر اعظم کے پورٹل کی 5,810 شکایات بھی شامل ہیں۔ بینکنگ محتسب پاکستان جناب سراج الدّین عزیز نے عوام کو روز بروز بڑھتی ہوئی دھوکہ دہی کی سرگرمیوں سے بچانے کے لئے بینک صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذاتی اور مالی معلومات کسی تیسرے شخص پر ظاہر نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکوک کالز کے موصول ہونے کی صورت میں انہیں فوری طور پر اپنے بینک کی قریبی برانچ یا بینک کی ہیلپ لائن پر رابطہ کرنا چاہیے۔