کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں ادب اور فن کی باوقار تقریبات میں سے ایک اہم ترین تقریب "ادب فیسٹیول ” کے پانچویں ایڈیشن کی تاریخ اور مقررین کے ناموں کا اعلان کردیا گیاجو 25اور26نومبر کو ہیبٹ سٹی میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس ضمن میں کراچی میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
یہ فیسٹیول فکری اور فنی پیشکشوں کی ایک متحرک صف پر مشتمل ہے جو یقینا حاضرین کی دلچسپی کا باعث ہوگا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ادب فیسٹیول کی بانی اور ڈائریکٹر امینہ سید نے کہا ” ادب فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد بحث و مباحثے اور مکالمے کو فروغ دینے کے ساتھ ثقافت اور ادب کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔مجھے اپنے مقررین کی شاندار فہرست کا اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ ادب فیسٹیول نے گزشتہ برسوں میں انتہائی شاندار کامیابی حاصل کی ہے ‘ اپنے قیام کے بعد سے آج تک اس نے ادب اور فنون کو فروغ دینے‘ پاکستانی ثقافت کا بھرپور جشن منانے ‘دنیا کے چند بہترین ذہنوں کو اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے فکر انگیز گفتگو سے لے کر برقی کارکردگی تک ادب فیسٹیول نے تخلیقی صلاحیتوں اور تخیل کو جلا بخشی ہے۔”اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، شرکاء نے کہا "فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد متنوع آوازوں کو مستقل طور پر ایک پلیٹ فارم کی فراہمی اور مکالمے اور تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ حبیب یونیورسٹی‘ دی بینک آف پنجاب اور گیٹز فارما‘ الائنس فرانسے اور فرانس کے سفارت خانے جیسے معاونین کے تعاون سے ادب فیسٹیول ہر قدم پر مضبوط سے مضبوط ہوتا جا رہا ہے اور یہ تقریب شہر کی نمایاں تقریبات کی حیثیت اختیار کرتی جارہی ہے۔ہم اس بار خاص طور پر ہیبٹ سٹی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں نہ صرف ہمارے فیسٹول بلکہ پریس کانفرنس کے انعقاد کے لیے ایک شاندار اور منفرد مقام فراہم کیا۔امید ہے کہ پچھلے سالوں کی طرح اس سال بھی ادب فیسٹیول ایک ناقابل فراموش تقریب ثابت ہوگی جس میں ڈاکٹر عشرت حسین‘ کشور ناہید‘آزاد اقبال‘ افتخار عارف‘ تنویر انجم‘ اسٹیفن لیون‘ شہناز وزیر علی‘ واصف رضوی‘ معید یوسف ‘ زہرہ نگاہ‘ ڈاکٹر پیرزادہ قاسم‘ فاطمہ حسن‘نورالہدیٰ شاہ‘ طارق سکندر قیصر‘ طالب کریم‘عمر شاہد حامد‘زاہد حسین‘ ناصرہ زبیری‘ ڈاکٹر انجم حلائی‘حسن خان‘ سلمیٰ عالم‘ڈاکٹر ہما بقائی‘ انعام ندیم سمیت دیگر بہت سی نامور شخصیات شامل ہوں گی۔