غزہ (نیٹ نیوز)غزہ پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں جس کے دوران ایک ہی خاندان کے 19 افراد شہید ہوگئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صیہونی فوجیوں کی غزہ پر اندھا دھند بمباری جاری ہے۔ غزہ کے جنوبی علاقے میں مہاجر کیمپ پر اسرائیل کے میزائل حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 19 افراد شہید ہوگئے۔ اسرائیلی بمباری سے رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔اسرائیلی فضائیہ اور بحریہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پربمباری کی جس میں متعدد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔ قابض اسرائیل نے غزہ میں انٹرنیٹ سروس بند کردی جبکہ بجلی ، ایندھن اور دیگر ضروری اشیا کی فراہمی اور ترسیل بھی روک دی گئی ہے۔دوسری جانب اسرائیل نے لبنان کی سرحد پر فضائی دفاعی نظام نصب کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ لبنان کی جانب سے اسرائیل پر حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ حماس کے طوفان الاقصی آپریشن میں اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد 700 جبکہ فلسطینی شہدا 413 ہوگئے ہیں۔